حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے تعاون فراہم کر رہی ، آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام سے حصول روزگار میں مدد ملے گی،شہباز شریف
ہواوے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے اور آزادکشمیر وگلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں تک منصوبے کو وسعت دینے کا حکم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی ٹریننگ کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے اور تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان تک اس منصوبے کو وسعت دینے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعظم آفس سے جاری یبان میں کہا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ پاکستان کے تین لاکھ نوجوانوں کو آئی سی ٹی ٹریننگ کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد کے ارکان کی شرکت کی۔اجلاس میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور آئی ٹی کے شعبے میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں گذشتہ برس چین میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ طے کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، ہواوے کے آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے سمیت نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مدد ملے گی۔ہواوے ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے پاکستان میں جدید تربیتی پروگرام کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا، ہواوے ٹیکنالوجیز اس اقدام کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت ، سائبر سکیورٹی، کلاڈ کمپیوٹنگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کرے گی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی، اس مقصد کے لیے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم محمد شہباز شریف کریں گے، ہواوے ٹیکنالوجیز کی جانب سے اس وقت تک 20 ہزار 315 طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔وزیراعظم نے آئی ٹی ٹریننگ کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی بھی ہدایت دی، اس کے علاوہ انہوں نے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان تک اس منصوبے کو وسعت دینے کی ہدایت کی۔