رومانیہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے:گیلانی

چیئرمین سینیٹ  سے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر کی ملاقات‘مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد( آن لائن ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنسکو نے  ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی اور خوشگوار تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے قومی ترانے کی ریکارڈنگ اور کورل اسکور، جو رومانیہ کے معروف میڈریگل–مارین کانسٹنٹن کوائر کی جانب سے پیش کیا گیا، موصول ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسے ایک منفرد ثقافتی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس اقدام پر سفیر، کوائر کے فنکاروں اور رومانیہ کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے مئی 2025 کے صدارتی انتخابات کے بعد قائم ہونے والی رومانیہ کی نئی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان، رومانیہ کو مشرقی یورپ اور بحیرہ اسود کے خطے میں ایک اہم ملک سمجھتا ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور رومانیہ کے دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا