غزہ جنگ بندی مذاکرات آج سے شروع: اسرائیل نے وفد بھیج دیا

طے شدہ نقاط پر ہی آگے بڑھاجاسکتا ہے،مستقل جنگ بندی کے علاوہ کوئی دوسرامعاہدہ قبول نہیں،حماس 
غزہ؍دوحہ؍ تل ابیب(آئی این پی )غزہ جنگ بندی مذاکرات کیلئے اسرائیل نے اپنا وفد دوحہ بھیج دیا ۔ مذاکرات کا عمل آج پیر سے دوحہ میں شروع ہوگا جبکہ حماس نے واضح کیا ہے کہ مستقل جنگ بندی کے علاوہ کوئی دوسرامعاہدہ قبول نہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کا وفد حماس کی جانب سے مذاکرات کی حامی بھرنے کے بعد بھیجا جارہا ہے، وفد میں قیدیوں اور لاپتا افراد کے امور کے کوآرڈینیٹر بریگیڈیئر جنرل (ر ) گال ہرش اور انٹرنل سکیورٹی سروس شن بیٹ کے سابق نائب سربراہ شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کاوفد جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کیلئے مصر میں پہلے سے موجود ہے، وفدنے قاہرہ میں مصری خفیہ ایجنسی کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔ دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ دوسرامعاہدہ قبول نہیں غزہ میں مستقل جنگ بندی کے علاوہ کوئی دوسرا معاہدہ قبول نہیں۔ حماس کے مطابق دوسرے مرحلے میں بات چیت کیلئے طے شدہ نقاط پر ہی آگے بڑھاجاسکتا ہے، معاہدے اوراس پرعملد رآمد کیلئے پرعزم ہیں۔