خریداری صرف نیشنل سیونگز موبائل ایپ یا منظور شدہ چینلز سے ممکن ہوگی، انعامی رقم پر ٹیکس لاگو ہوگا اور زکوۃ مستثنیٰ ہوگی
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل پرائز بانڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا جس کی لین دین موبائل ایپ کے ذریعے ہوگی۔ڈیجیٹل پرائز بانڈز چوری اور نقصان کے خدشات سے محفوظ ہوں گے جبکہ انعامی رقم پر ٹیکس لاگو ہوگا اور زکوۃ مستثنیٰ ہوگی۔پانچ سو، ہزار، پانچ ہزار اور 10 ہزار روپے کے بانڈز جاری کیے جائیں گے۔خریداری صرف نیشنل سیونگز موبائل ایپ یا منظور شدہ چینلز سے ممکن ہوگی، قرعہ اندازی سہ ماہی بنیادوں پر ہوگی۔ انعامی رقم براہ راست لنک شدہ بینک اکائونٹ میں منتقل ہوگی۔ڈیجیٹل بانڈز معیشت کو دستاویزی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے، خریداری کے وقت نامزدگی کی سہولت دستیاب ہوگی۔ورثاء کو جانشینی سرٹیفکیٹ کے مطابق ادائیگی کی جائے گی، کاغذ کے بغیر بانڈز سے پرنٹنگ اور لاجسٹکس کے اخراجات ختم ہو جائیں گے۔