اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری مکمل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق خاتونِ اول کی دائیں آنکھ کا آپریشن راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں کیا گیا، جو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہا۔یاد رہے کہ 29 مارچ کو سامنے آنے والی میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ ان کی بینائی متاثر ہونا شروع ہوگئی ہے۔ اس سے ایک روز قبل پمز ہسپتال کے آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر عارف خان نے ان کا معائنہ کیا تھا۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ میں پوسٹیرئیر ویٹریئس ڈیٹچمنٹ کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے باعث انہیں دھندلاہٹ، سیاہ دھبے نظر آنے، فلیشز اور سر درد کی شکایت تھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا تھا کہ انہیں مایوپیا اور اسٹیگ میٹزم بھی ہے، جس سے نظر متاثر ہو رہی تھی۔ ڈاکٹروں نے عینک کے استعمال، آئی ڈراپس اور دیگر ادویات تجویز کی تھیں، جبکہ چار ہفتوں بعد دوبارہ معائنے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا۔میڈیکل رپورٹ کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے ان کے فوری علاج کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔