نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول کنزرویشن اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کردہ استثنیٰ درخواستوں اور جاری کفایت شعاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارتِ خارجہ اور اس کے رابطہ دفاتر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور گجرات میں قونصلر اٹیسیٹیشن سروسز عوامی سہولت کے لیے جمعہ کے روز بھی کھلی رہیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی کہ 13 جون 2026 کو ختم ہونے والے اضافی کفایت شعاری اقدامات کی مدت 30 جون 2026 تک بڑھا دی جائے۔مزید اہم فیصلے کے مطابق ملک بھر میں قائم چھوٹے گروسری اور کریانہ اسٹورز کے اوقات کار رات 10 بجے تک بڑھا دیے جائیں گے، جبکہ یہ سہولت ہفتہ اور اتوار سمیت ہفتے کے تمام دنوں میں دستیاب ہوگی۔اجلاس میں وزیر پیٹرولیم، وزیر موسمیاتی تبدیلی، وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام، معاونین خصوصی اور مختلف وزارتوں کے سیکریٹریز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور مختلف پالیسی امور پر غور کیا گیا۔