آج بھارت سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے تاکہ وہ گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی تقاریب میں شرکت کریں۔
متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کے استقبال اور سہولیات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ واہگہ بارڈر پر چیئرمین قمر الزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری ناصر مشتاق سکھ یاتریوں کا گرمجوشی سے استقبال کریں گے۔ناصر مشتاق کے مطابق، یاتریوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں کھانے پینے اور طبی سہولیات شامل ہیں۔ یاتری 10 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے اور انہیں سخت سکیورٹی میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب منتقل کیا جائے گا۔گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب 16 جون کو لاہور کے گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہوگی، جس میں ملکی و غیر ملکی سکھ یاتری بھرپور شرکت کریں گے۔ یہ تقریب اور یاتریوں کا قیام پاکستان کی مذہبی رواداری اور تاریخی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔