15 سالہ فنڈز کا تھرڈ پارٹی فارنزک پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے:بانی رہنما پاکستان تحریک انصاف
اسلام آباد ( آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام اٹھارویں ترمیم پر منعقدہ سیمینار کے منتظمین سے متعدد سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد گزشتہ 15 برسوں میں صوبوں کو ملنے والے کھربوں روپے کا تھرڈ پارٹی فارنزک پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ اپریل 2010 میں اٹھارویں ترمیم کے نفاذ کے بعد سے صوبوں کو قومی وسائل میں سے کھربوں روپے منتقل کیے جا چکے ہیں، تاہم عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ یہ خطیر رقوم کہاں خرچ ہوئیں اور ان کے نتائج کیا برآمد ہوئے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا گزشتہ 15 برسوں میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی یا صورتحال مزید خراب ہوئی؟ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صرف فنڈز کی منتقلی نہیں بلکہ ان کے ثمرات بھی نظر آنے چاہئیں۔