جب تک قانونی الیکشن نہ ہو جائیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ، القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے پر پارٹی کیلئے افسوس ہے
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کی طرح انٹرا پارٹی الیکشن کیس کو بھی لٹکایا جا رہا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا الیکشن فراڈ پر ہوا، جیسے فارن فنڈنگ کیس کو 8سال لٹکایا ویسے ہی انٹرا پارٹی کیس کو لٹکایا جا رہا ہے، جب تک قانونی الیکشن نہ ہو جائیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح تحریک انصاف کے وسائل استعمال کر رہے ہیں، ہم نے درخواست کی ہے کہ ان کے تمام اکائونٹس منجمندکیے جائیں، القادر ٹرسٹ کے حوالے سے جو فیصلہ آیا مجھے بانی رکن کے طور پر اس پارٹی کیلئے افسوس ہوتا ہے۔اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تو ایسے لوگوں کو پارٹی میں ساتھ لے کر چلنا تھا جن کا ماضی کرپشن سے پاک ہو، آج طرح طرح کے لوگ اس پارٹی پر قابض ہیں۔