پنجاب میں سموگ بے قابو ، ایمرجنسی نافذ کی جائے،سردار سلیم حیدر

سموگ پرمستقل طورپر قابو پانے کے لیے تمام اداروں کو ایک پیج پر آنا ہوگا، گورنر پنجاب
لاہور(آئی این پی ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے سموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ ایمرجنسی نافذ کی جائے۔گورنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سموگ قابو سے باہر ہوچکی ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد بیماریوں میں مبتلا ہوکر ہسپتالوں میں پہنچ رہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سکول، کالجز اور تفریحی مقامات بند کرنے کے مثبت نتائج نہ مل سکے جب کہ مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کے احکامات کو تاجر تسلیم نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آلودگی بڑھتی جا رہی ہے۔ یہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ سموگ کی روک تھام کے لیے عارضی طور پر پنجاب بھر میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سموگ پر مستقل طور پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی اور متعلقہ تمام اداروں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔