صوبوں کے وسائل پر قبضے کی اجازت نہیں دیں گے:مولانا فضل الرحمان

 این ایف سی ایوارڈ صوبوں کا وہ حق ہے جو پارلیمنٹ کے اتفاقِ رائے سے تسلیم کیا گیا :میڈیا سے گفتگو
 پشاور (یواین پی) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے پہاڑوں یا صحراؤں میں جو معدنی ذخائر ہیں ان کو قبضے میں لیا جارہا ہے، طاقتور قوتیں وہاں کھدائی کررہی ہیں اور غریب عوام کی ملکیت کو قبضے میں لیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی سے ملاقات کی، جس میں این ایف سی ایوارڈ، صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال، مدارس رجسٹریشن اور پنجاب سے گندم کی بندش جیسے سنگین معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، اس ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے صوبائی حقوق، وفاق کے رویے اور امن و امان کے حوالے سے انتہائی سخت اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔سربراہ جے یو آئی ف نے وفاق کو خبردار کرتے ہوئے این ایف سی ایوارڈ پر کہا کہ این ایف سی ایوارڈ صوبوں کا وہ حق ہے جو پارلیمنٹ کے اتفاقِ رائے سے تسلیم کیا گیا ہے، اس میں اضافہ تو ہو سکتا ہے لیکن کسی قسم کی کمی ہمیں کسی صورت قبول نہیں، ہر صوبے کے عوام اپنے وسائل کے خود مالک ہیں، وفاق یا وفاق کی سطح کا کوئی بھی طاقتور ادارہ صوبے کے عوام کے وسائل پر قبضہ کرکے انہیں ان کے مفادات سے محروم نہیں کرسکتا، ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔