عوامی مینڈیٹ پر کسی کو شب خون مارنے کا حق نہیں، حکومت کے معاشی ترقی کے دعوئوں میں کوئی حقیقت نہ موجودہ پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت
امریکا سے لیکر تمام دنیا مدارس ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے، ٹرمپ دنیا کا سب سے بڑا پاگل ہے،مردان میںتقریب سے خطاب
مردان(مانیٹرنگ ڈیسک)جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات میں ملک کے چاروں صوبوں میں بدترین دھاندلی کی گئی۔ مردان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 8 فروری کا دن ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، عوامی مینڈیٹ پر کسی کو شب خون مارنے کا حق نہیں ہے۔انہوں نے کہا 8 فروری کے الیکشن میں چاروں صوبوں میں بدترین دھاندلی کی گئی جبکہ خیبر پختون خوا میں بھی دھاندلی کے ذریعے اکثریت بنائی گئی۔ جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ حکومت کے معاشی ترقی کے دعوئوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے،موجودہ پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے، آپ نے رجسٹریشن کے نام پر بینک اکاؤنٹ بند کرنے کی سازش کی، جعلی پارلیمنٹ دھاندلی کے ذریعہ وجود میں آئی۔انہوں نے کہا کہ امریکا سے لیکر تمام دنیا مدارس ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے، پوری دنیا میں امریکہ کو طاقتور سمجھا جا رہا ہے، ٹرمپ دنیا کا سب سے بڑا پاگل ہے۔سربراہ جے یوآئی ف کا کہنا تھا کہ میری پارلیمنٹ عوام ہے، افغانستان، عراق اور شام سے لوگوں نے ہجرت کرلی، فلسطینی واحد قوم ہے کہ غزہ پر بمباری ہوئی مگر وہ ڈٹے رہے، 50 ہزار سے زائد لوگ شہید ہوئے مگر مجاہدین نے محاذ نہیں چھوڑا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تک میری طاقت زندہ ہے کسی کا باپ بھی قادیانیت نہیں لاسکتا، بپھرے عوام سڑکوں پر آئیں گے تو جعلی ایوانوں میں زلزلہ برپا ہوگا۔اں کا مزید کہنا تھا کہ جنگ عظیم کے بعد یہودیوں نے مار کھائی، دربدر ہوگئے، قادیانیت یہودیوں کے پیداوار ہے، ہم نے اپنی جدوجہد نہیں چھوڑی، ہم سیاسی جہاد کے راستے پر قائم ہیں، میدان میں رہیں گے اور تمھارے ایوانوں تک پہنچیں گے۔