مسلم حکمران ایک نہ ہوئے تو استعمال ہونگے ‘اپنے وسائل کے مالک نہیں رہیں گے مولانا فضل الرحمان

مستقل  امن اور اسلامی بلاک کا قیام ہماری تمنا ہے ‘مذاکرات کے لئے میزبانی پاکستان کا اعزاز ہے:ایرانی سفیر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے  جنگ بندی کی توقع، مستقبل امن کی تمنا کے ساتھ اسلامی بلاک کا قیام ہماری خواہش ہے، مسلم حکمران ایک نہ ہوئے تو استعمال ہوتے رہیں گے اور اپنے وسائل سے بھی محروم ہوں گے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے  وفد کی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد ہوئی جہاں دونوں شخصیات کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں حالیہ امریکہ‘ایران جنگ کے اثرات ، مضمرات سمیت اہم امور پر تفصیلی نشست ہوئی۔ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کے بارے میں مولانا فضل الرحمان کے جاندار موقف پر ایرانی قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لئے پاکستان کی میزبانی پاکستان کا اعزاز ہے، جنگ بندی کی توقع اور مستقل امن کے ساتھ اسلامی بلاک کا قیام ہماری تمنا ہے۔انہوں نے کہا  اسلامی بلاک جمعیت علماء￿  کے منشور کا حصہ ہے کیونکہ آج کے حالات سے اسلامی دنیا کے حکمرانوں کو سبق سیکھنا چاہیے وحدت کے بغیر ہم ہمیشہ استعمال ہونگے اور ہم اپنے وسائل کے خود مالک نہیں رہیں گے۔