شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت، اعزازات کی تقسیم اور فوجی قیادت کی جانب سے خراج تحسین
ؑلاہور، کراچی( آن لائن )کراچی اور لاہور گیریژن میں پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں خصوصی اور باوقار تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں شہداء کی عظیم قربانیوں، بے لوث خدمات اور حب الوطنی کے جذبے کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔کراچی میں منعقدہ تقریب میں پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کے اہل خانہ کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا، جن میں ستارہ امتیاز (ملٹری)، تمغہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت شامل ہیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر کراچی تھے، جنہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران اور شہداء کے قریبی رشتہ داروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو قومی سلامتی اور استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔اسی طرح لاہور گیریڑن میں بھی شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں جی او سی لاہور گیریڑن مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے اور اس کے شہداء و غازی قوم کا فخر ہیں۔جی او سی لاہور گیریڑن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء اور غازیوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کی جائے گی۔