اسلام آباد (آن لائن) قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج (بدھ ) کو ہوگا ۔ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ساڑھے گیارہ بجے طلب کر رکھا ہے ، اجلاس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے معاشی اہداف، ترقیاتی ترجیحات اور قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کی تاریخوں میں چار مرتبہ ردوبدل کے بعد اب اس اہم نشست کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جسے نئے مالی سال کی معاشی سمت کے تعین کے لیے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء ، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کرنے کی منظوری دی جائے گی، جبکہ اوسط مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد رکھنے کی تجویز بھی زیر غور آئے گی