اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، اعلیٰ عسکری قیادت شرکت کرے گی‘پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کی پوزیشن میں ہے‘پہلگام واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں‘ دہشتگردی کہیں بھی ہو حمایت نہیںکرتے:خواجہ آصف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بھارتی اقدامات کے بعد قومی سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب کرلیا۔اجلاس کی صدارت وزیراعظم محمد شہباز شریف کریں گے، اعلیٰ و عسکری قیادت اجلاس میں شرکت کرے گی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کونسل اجلاس میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کی پوزیشن میں ہے‘ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد بھر پور جواب دیا جائے گا۔قبل ازیں نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوے کہا ہے پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں۔ دہشتگردی خواہ کہیں بھی ہو ہم اس کی حمائت نہیںکرتے ۔ بھارت صرف ہم پر الزام لگاتا ہے ہمارے پاس ملک میں ہونیوالی دہشتگردی میں نئی دہلی کے ملوث ہونے کے ٹھوس شوائد موجود ہیں بھارت کی مختلف ریاستوں میں بغاوتیں جاری ہیں۔ چھتیس گڑھ، منی پور اور ناگا لینڈ میں دہلی حکومت کے خلاف بغاوت جاری ہے، بھارت میں کئی ریاستیں اور لوگ اپنے حقوق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کا قتل عام کیا جارہا ہے یہ اس کے خلاف بغاوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی خواہ کہیں بھی ہو ہم اس کو سپورٹ نہیں کرتے،بے گناہ لوگ اس قسم کی جنگوں میں نشانہ نہیں بننے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر الزام لگانا بہت آسان ہے۔ ہمارے پاس تو بھارت کے خلاف بہت سے ثبوت ہیں جو ہم دے بھی چکے ہیں۔ بلوچستان میں دہشتگردوں کو بھارت کی سرپرستی حاصل ہے۔ پاکستان میں جہاں جہاں بھی خلفشار ہے اس میں بھارت ملوث ہے۔