شاہی قلعہ لاہور میں کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں شاندار تقریب، محسن نقوی کا غیر ملکی مہمانوں کا پرتپاک استقبال

شاہی قلعہ لاہور میں کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں شاندار تقریب، محسن نقوی کا غیر ملکی مہمانوں کا پرتپاک استقبال

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جانب سے ٹرائی نیشن سیریز میں شریک پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں لاہور کے تاریخی شاہی قلعہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 تقریب میں غیر ملکی مہمانوں کا شاہانہ انداز میں استقبال کیا گیا، جبکہ ان کی تواضع اور تفریح کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اس موقع پر مہمانوں کو لاہور کی تاریخی، ثقافتی اور مغلیہ دور کی روایات سے روشناس کرایا گیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر تینوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا استقبال کیا۔ تقریب میں قومی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ کوچنگ اسٹاف، ٹیم مینجمنٹ اور کرکٹ سے وابستہ دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران غیر ملکی مہمانوں کو شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، مزارِ اقبال اور حضوری باغ سمیت لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کرائی گئی۔ اس موقع پر انہیں ان تاریخی مقامات کی اہمیت، مغلیہ فن تعمیر اور برصغیر کی ثقافتی روایات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے لاہور کے تاریخی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ان مقامات کی خوبصورتی کو سراہا۔

شاہی قلعہ کے دیوانِ خاص میں مغلیہ دور کے روایتی لباس میں ملبوس دربانوں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز نے دیوانِ عام، بارود خانہ اور مشہور شیش محل کا بھی دورہ کیا۔ اس دوران مہمانوں کو مغلیہ دور کی شان و شوکت، تاریخی طرزِ تعمیر اور ثقافتی ورثے کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے رنگیلا رکشے کی سواری سے بھی لطف اٹھایا، جس نے تقریب کو مزید دلچسپ اور یادگار بنا دیا۔تقریب میں ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہے۔ ڈھولیچی گروپ کی شاندار پرفارمنس نے محفل میں سماں باندھ دیا، جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے موسیقی اور روایتی فن کا بھرپور لطف اٹھایا اور فنکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی مہمان ہمارے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ پاکستان ایک پُرامن اور محفوظ ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیوں کا انعقاد اور غیر ملکی ٹیموں کی میزبانی خوش آئند ہے۔

مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستانی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کو یادگار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر ایک خوشگوار تجربہ رہا اور وہ پاکستان سے خوبصورت یادیں لے کر جائیں گے۔ میچ آفیشلز نے بھی تقریب کو ناقابلِ فراموش تجربہ قرار دیا۔تقریب میں سری لنکا کے سفارت کاروں، چیف سیکریٹری پنجاب، پی سی بی کے سابق چیئرمین ذکا اشرف اور رمیز راجہ، سابق کرکٹرز، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔