علی امین گنڈاپور کا دعویٰ: خیبرپختونخوا اتنا خودکفیل ہو گیا ہے کہ وفاق کو قرض دینے کی پوزیشن میں ہے

علی امین گنڈاپور کا دعویٰ: خیبرپختونخوا اتنا خودکفیل ہو گیا ہے کہ وفاق کو قرض دینے کی پوزیشن میں ہے

ڈیرہ اسماعیل خان : خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک چونکا دینے والا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ اتنی ترقی کر چکا ہے کہ اب وہ وفاقی حکومت کو قرض بھی دے سکتا ہے۔

 ڈیرہ اسماعیل خان میں مقامی میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت ایک "ٹیکس فری بجٹ" پیش کرے گی، جس میں عوام پر کوئی نیا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ روزگار کے مواقع، بلاسود قرضے اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں جاری پراجیکٹس کے تحت لوگوں کو بلاسود قرضے دے کر خود کفیل بنایا جا رہا ہے، اور ہیومن ڈیولپمنٹ کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ ان کے مطابق، ایسے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جو معیشت کو سہارا دینے اور روزگار میں اضافہ کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔

تعلیم، صحت اور زراعت پر فوکس
علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ "میگا پراجیکٹس" میں تعلیم کو سرفہرست رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے گی تاکہ سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد کم کی جا سکے اور تعلیمی معیار بہتر بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صرف ڈگری دینا مقصد نہیں بلکہ اس ڈگری کی حقیقی قدر پیدا کرنا ہے۔صحت کے شعبے میں فوری اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان علاقوں پر توجہ دی جائے گی جہاں بنیادی سہولیات کی کمی ہے۔ ساتھ ہی زراعت اور توانائی کے شعبے میں بھی نئے منصوبوں کی تیاری کی جا رہی ہے، جب کہ سوات اور دیگر علاقوں میں موٹروے منصوبوں پر بھی کام جاری رہے گا۔

خود انحصاری کی راہ پر گامزن خیبرپختونخوا؟
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا اب مکمل طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق، وفاقی حکومت ان سے امداد مانگ رہی ہے، اور وہ اس قابل ہو چکے ہیں کہ وفاق کو قرض دے سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال صوبے نے 50 ارب روپے کا قرض اتارا ہے اور کوئی نیا قرض نہیں لیا گیا۔ اس وقت صوبے کے پاس قرض اتارنے کے لیے 150 ارب روپے موجود ہیں۔

این ایف سی ایوارڈ اور وفاق سے واجبات کا مطالبہ
علی امین نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ 15 سال سے نہیں دیا گیا، جس کی وجہ سے ضم شدہ اضلاع کے واجب الادا فنڈز نہیں ملے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگست میں این ایف سی ایوارڈ کے انعقاد سے خیبرپختونخوا کو اس کا آئینی حق ملے گا۔

عمران خان کی رہائی کے لیے نئی تحریک کا عندیہ
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر تحریک دوبارہ شروع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔