تنخواہوں اورپنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز‘صنعتو ں کیلئے فنڈزرکھنے کافیصلہ

 گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کو تنخواہوں میں فرق کم کرنے کیلئے 30 فیصد الائونس  اورایک ایڈہاک بنیادی تنخواہوں میں ضم کرنے کی تجویز
 مسلح افواج کے ملازمین کوکنٹری بیوٹری پنشن  سکیم سے مزید ایک سال استثنی دینے کی تجویز‘سٹیل ملزکی زمین پر اقتصادی زون کیلئے بھی فنڈمختص ہونگے
 وزیراعظم آفس کی تزئین وآرائش کیلئے 6 کروڑ 50 لاکھ ‘ منسٹرز انکلیو  میں  12 اپارٹمنٹس کی تعمیرکیلئے 13 کروڑ  مختص کئے جانے کا امکان

اسلام آباد (آئی این پی)مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے،حتمی فیصلہ 10 جون کو کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔وزیراعظم شہبازشریف کے زیرصدارت کابینہ اجلاس 10 جون کو ہوگا،اجلاس میں آئندہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافیکیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع وزارت خزانہ کیمطابق گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کو تنخواہوں میں فرق کم کرنے کیلئے 30 فیصد الانس بھی دینے کی تجویز ہے۔گزشتہ دو ایڈہاک میں سے ایک ایڈہاک بنیادی تنخواہوں میں ضم کرنیکی تجویز ہے،جبکہ مسلح افواج کے ملازمین کوکنٹری بیوٹری پنشن  سکیم سے مزید ایک سال استثنی دینے کی تجویز ہے،ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومت محروم ملازمین کوتنخواہوں میں تفریق ختم کرنیکی یقین دہانی کرا چکی ہے،اس حوالے سے ملازمین کے ساتھ زبانی اور تحریری معاہدہ بھی کیا گیا‘ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صنعتوں کے فروغ کے نئے منصوبوں کے لیے فنڈز رکھنیکا فیصلہ کیا ہے۔بجٹ دستاویز کے مطابق پاکستان اسٹیل کی زمین پر خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے لیے بھی فنڈز رکھنے کی تجویز ہے جبکہ نئے منصوبے کے لیے بجٹ میں 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔پاکستان اسٹیل کی مجموعی طور پر 6 ہزار400 ایکڑ زمین خصوصی اقتصادی زون کے لیے مختص ہو گی، پاکستان اسٹیل اور کراچی انڈسٹریل پارک کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون کے طور پر ایک ساتھ تیار کیا جائے گا، منصوبے کو کراچی انڈسٹریل پارک (وفاقی خصوصی اقتصادی زون)کا نام دیا جائے گا۔دستاویز کے مطابق پہلے مرحلے میں کراچی انڈسٹریل پارک کے 1500 ایکڑ میں سے 500 ایکڑ پر بلاک اے تیار کیا جائے گا، 1500 ایکڑ پر پھیلا کراچی انڈسٹریل پارک پاکستان اسٹیل کی اراضی پر تیار کیا جا رہا ہے۔کراچی انڈسٹریل پارک سی پیک کے تحت ملک میں تیار کیے جانے والے 9 خصوصی اقتصادی زونز میں سے ایک ہے، بجٹ میں ایک ہزار انڈسٹریل اسٹچنگ یونٹس کے قیام کے نئے منصوبے کے لیے فنڈز کی تجویز بھی ہے، سمیڈا کے تحت دوسرے مرحلے کے اس نئے منصوبے کے لیے 25 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ بجٹ میں وزیراعظم آفس کی سجاوٹ کیلئے بھی فنڈز مختص کیے گئے  ہیں۔ ایک ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق  بجٹ میں وزیراعظم آفس کی تزئین و آرائش کے لیے 6کروڑ 50 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ منسٹرز انکلیو اسلام آباد میں  12 اپارٹمنٹس کی تعمیرکے لیے 13 کروڑ 27 لاکھ روپے کی  تجویز ہے۔شہید ملت بلڈنگ میں لفٹوں کی بحالی و تبدیلی کیلئے5  کروڑ 36 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔بجٹ دستاویز کے مطا بق اس منصوبے  پر 30 جون 2025  تک 18 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ ہے۔