سعودی ولی عہد سے ملاقات پاک بھارت کشیدگی کم کرانے پر شکریہ شہبازشریف
وفد نے خانہ کعبہ میں نوافل کے بعد آپریشن بنیان مرصوص میں عظیم فتح پر اللہ کا شکر ادا کیا‘ ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ امت مسلمہ بالخصوص کشمیری اور فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں کیں
سعود ی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکا پرتپاک استقبال کیا، ایک دوسرے کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی‘ملاقات میں دو طرفہ تعاون کوبڑھانے پر اتفاق کیاگیا
مکہ مکرمہ(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے دورے کے دوران گزشتہ شب عمرے کی سعادت حاصل کی، پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور آپریشن بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ کا شکر ادا کیا۔پاکستانی وفد نے معاشی میدان اور عوامی فلاح کے لیے کیے گئے حالیہ کامیاب اقدامات پر بھی اللہ کا شکر اداکیا۔وفد نے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کا شکار کشمیری اور فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔بعدازاںوزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی۔سعود ی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے پر سعودی قیادت کے کردار کا شکریہ ادا کیا۔