ای سی بی کا بڑا فیصلہ، انگلش کرکٹرز کے لیے شراب نوشی سے متعلق نئے ضوابط نافذ

ای سی بی کا بڑا فیصلہ، انگلش کرکٹرز کے لیے شراب نوشی سے متعلق نئے ضوابط نافذ

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے کھلاڑیوں کے نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کے لیے الکوحل سے متعلق نئے پروٹوکول جاری کر دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بین اسٹوکس سے منسوب حالیہ تنازع کے بعد کھلاڑیوں کو نئی پالیسی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت کھلاڑیوں پر میچ کے بعد اگلے روز بھی شراب نوشی پر پابندی ہوگی۔برطانوی میڈیا کے مطابق مڈنائٹ کرفیو بدستور برقرار رہے گا، جبکہ اگر کوئی کھلاڑی رات 10 بجے کے بعد ہوٹل سے باہر رہنا چاہے تو اسے پیشگی ٹیم مینجمنٹ یا سکیورٹی حکام کو مطلع کرنا ہوگا۔نئی پالیسی کے مطابق کھلاڑی عوامی مقامات پر نشے کی حالت میں نظر نہیں آ سکیں گے، جبکہ ٹیم ہوٹل کے عوامی حصوں میں بھی الکوحل کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں پر سوشل میڈیا پر شراب نوشی یا الکوحل سے متعلق کسی بھی قسم کی تصاویر، ویڈیوز یا دیگر مواد شیئر کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ای سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر راب کی نے نئے پروٹوکول کی منظوری دے دی ہے۔واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں بین اسٹوکس اور گس اٹکنسن سے متعلق تنازع کے بعد ای سی بی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ گزشتہ نومبر ہیری بروک بھی مبینہ طور پر شراب نوشی کے بعد ایک جھگڑے میں ملوث پائے گئے تھے۔