انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ایشیز سیریز کے دوران کھلاڑیوں کے مبینہ حد سے زیادہ شراب نوشی کے الزامات کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان کوئنزلینڈ کے ساحلی شہر نوسا میں چار راتیں قیام کیا، جہاں بعض کھلاڑیوں کی سرگرمیوں پر سوالات اٹھائے گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کچھ کھلاڑی نوسا اور اس سے قبل برسبین میں بھی شراب نوشی کرتے نظر آئے۔اگرچہ انگلینڈ نے ایڈیلیڈ میں تیسرے ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی دکھائی، لیکن آسٹریلیا نے محض 11 دنوں میں سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
انگلینڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ راب کی نے کہا کہ بعض اوقات خبریں سرخیاں حقیقت سے مختلف تاثر دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کھلاڑی واقعی مسلسل کئی دن تک حد سے زیادہ شراب نوشی کرتے رہے تو یہ ناقابل قبول ہے اور معاملے کی مکمل جانچ کی جائے گی۔راب کی نے واضح کیا کہ وہ شراب نوشی کے کلچر کے حق میں نہیں اور اصل حقائق جاننا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوسا کا یہ وقفہ دورے سے پہلے ہی طے شدہ تھا اور ٹیم کے تمام کھلاڑی وہاں موجود تھے، جہاں میڈیا کی موجودگی کے باعث تصاویر اور ویڈیوز بھی سامنے آئیں۔