کاہنہ ٹیوشن سینٹر سانحہ: گرفتار ملزمان آج جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش ہوں گے

کاہنہ ٹیوشن سینٹر سانحہ: گرفتار ملزمان آج جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش ہوں گے

کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 پولیس گرفتار ملزمان کو آج جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کرے گی۔پولیس واقعے میں گرفتار پانچ ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ اجالا نعیمی کی عدالت میں پیش کرے گی اور مزید تفتیش کے لیے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں مالک مکان سمیت ریحان، عثمان، عمر، صدیق اور عمیر شامل ہیں، جن سے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش کی جائے گی۔یاد رہے کہ کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں 14 بچے جاں بحق جبکہ 8 بچے اور ایک خاتون ٹیچر زخمی ہوئے تھے۔

حادثے کے وقت بچے ٹیوشن پڑھنے کے لیے سینٹر میں موجود تھے کہ اچانک چھت گرنے سے وہ ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں، جبکہ قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے متعدد افراد کو گرفتار کیا، جبکہ تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔