ماڈل ٹاؤن کیس: مبینہ زیادتی اور ہلاکت، پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا

ماڈل ٹاؤن کیس: مبینہ زیادتی اور ہلاکت، پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی، اسقاط حمل اور ہلاکت کے کیس میں انویسٹی گیشن پولیس نے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں قتل کی دفعات شامل ہونے کے بعد تفتیشی حکام نے ڈرائیور حسن کو شاملِ تفتیش کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ملزم کو طلب کیا جائے تاکہ وہ تفتیش میں پیش ہو سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کو سائنسی بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے ڈی این اے شواہد پر بھی کام جاری ہے۔ پولیس ڈرائیور حسن کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ اس سلسلے میں مقتولہ کے نمونے پہلے ہی فرانزک اور ڈی این اے لیبارٹری بھجوائے جا چکے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق گھر کے مالک کے دونوں بیٹوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کیس کے مختلف پہلوؤں کو سائنسی شواہد کی روشنی میں پرکھا جا سکے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ افراد سے قانون کے مطابق پوچھ گچھ جاری ہے اور فرانزک و ڈی این اے رپورٹس آنے کے بعد کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔