عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نسبتاً استحکام کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہونے لگا ہے، جس کے باعث ایندھن کی عالمی مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ سے توانائی کی ترسیل متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود محدود ریفائنری صلاحیت، کم ذخائر اور عالمی سپلائی چین کے مسائل کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی مارکیٹ پر دباؤ برقرار ہے۔رپورٹ کے مطابق یورپ میں ڈیزل ریفائننگ مارجن ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ امریکا میں بھی ریفائنریوں کے منافع میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب روس کی جانب سے ڈیزل برآمدات پر پابندی کے فیصلے نے عالمی منڈی میں تشویش مزید بڑھا دی ہے، جس کے باعث یورپ، برازیل، ترکی اور دیگر ممالک متبادل سپلائی ذرائع تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں جولائی کے آغاز پر پٹرول کے ذخائر 2021 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئے، جبکہ عالمی سطح پر تیل سے تیار ہونے والی مصنوعات کے ذخائر بھی اپنی اوسط سے کم ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سپلائی میں مزید رکاوٹیں پیدا ہوئیں تو آنے والے دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا خدشہ موجود ہے۔