اداکارہ مومنہ اقبال اپنے قریبی دوست حمزہ حبیب کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں بندھ گئی ہیں، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات لاہور میں منعقد ہوئیں، جہاں نکاح کے ساتھ ساتھ مہندی، دعائے خیر اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا۔ نکاح کی شاندار تصاویر منظرِ عام پر آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔نکاح کے موقع پر مومنہ اقبال نے سنہری رنگ کا خوبصورت اور بھاری کڑھائی والا لہنگا زیب تن کیا، جس پر نفیس گوٹا اور لیس ورک نمایاں تھا۔ ان کے دوپٹے کو بھی باریک تفصیلات اور روایتی انداز سے مزین کیا گیا تھا، جبکہ بھاری طلائی زیورات، نَتھ، جھومر، ٹیکہ، چوکر اور کنگن نے ان کی دلکشی کو مزید بڑھا دیا۔دوسری جانب دلہا حمزہ حبیب نے سفید اور سنہری رنگ کی روایتی شیروانی اور قُلہ پہن کر کلاسک انداز اپنایا، جسے سوشل میڈیا صارفین نے خاص طور پر سراہا۔
اس سے قبل مہندی کی تقریب بھی خبروں کی زینت بنی رہی، جس میں مومنہ اقبال نے جامنی رنگ کا خوبصورت لہنگا پہنا جبکہ ان کے شوہر نے بھی ہم رنگ لباس کا انتخاب کیا۔ تقریب میں شوبز انڈسٹری کی محدود شخصیات نے شرکت کی، جن میں اداکار سہیل سمیر بھی شامل تھے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سہیل سمیر نے مومنہ اقبال کو مبارکباد دیتے ہوئے گلے لگایا، جس پر اداکارہ جذباتی ہو گئیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو بھی آ گئے۔مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات اور ان کے برائیڈل لُکس سوشل میڈیا پر مسلسل توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جبکہ مداح ان کی نئی زندگی کے آغاز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔