محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی، تجارت اور سرحدی تعاون بڑھانے پر اتفاق

محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی، تجارت اور سرحدی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرحدی تعاون، سیکیورٹی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے، جن میں پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تجارت کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر افغان سرحد کے ذریعے دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد مثبت پیش رفت ہوگی اور امن قائم ہوگا۔

ایرانی وفد میں گورنر جنرل سیستان و بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور وزارت داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔