وزیرخارجہ کا افغان ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ پاکستان ، افغانستان کا باہمی اعتماد کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

اسحاق ڈار اورامیرخان متقی نے 19 اپریل کی ملاقات میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا، باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے ، ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے فریم ورک معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا،ترجمان دفترخارجہ
نائب وزیر اعظم ا سحاق ڈار کا برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈلیمی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ، سلامتی کونسل سمیت ہرفورم پرباہمی تعاون بڑھانے پر گفتگو، قریبی روابط قائم رکھنے ،رواں ماہ ماہ اقوام متحدہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ؍ نیوزایجنسیاں)پاکستان اور افغانستان کا باہمی اعتماد کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق،افغان وزیر خارجہ تعلقات کو سفیروں کی سطح تک بڑھانے کی پیشرفت کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا افغان ہم منصب امیر خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں جانب سے سفارتی تعلقات کو سفیروں کی سطح تک بڑھانے کے فیصلوں کا خیر مقدم کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا بتانا ہے کہ اتوار کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا افغان ہم منصب امیر خان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں افغان وزیر خارجہ امیر خان نے پاکستان کی جانب سے سفارتی تعلقات سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امیر خان متقی نے آگاہ کیا کہ افغانستان نے بھی اسی نوعیت کا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا، انہوں نے اس پیشرفت کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے 19 اپریل کی ملاقات میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اس کے علاوہ ٹیلیفونک رابطے میں علاقائی روابط کے لیے ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے فریم ورک معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔دریں اثناء نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر باہمی تعاون بڑھانے پر بات کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے قریبی روابط قائم رکھنے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماں نے اس ماہ اقوام متحدہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔