کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے نوبیاہتا خاتون پر بہیمانہ تشدد کے کیس میں گرفتار ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کر دی۔
پولیس نے ملزم کو ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا اور مزید تفتیش کے لیے توسیع کی استدعا کی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم دوران تفتیش مسلسل اپنے بیانات تبدیل کر رہا ہے اور اس سے ایک اہم ثبوت — لوہے کا پائپ — برآمد کرنا باقی ہے۔ افسر کے مطابق متاثرہ خاتون اس وقت کوما کی حالت میں ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہیں، اور ان کا بیان دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کروانا بھی باقی ہے۔عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ 5 دن کے لیے مزید بڑھا دیا۔ کیس کا مقدمہ تھانہ بغدادی میں درج ہے اور تفتیش جاری ہے۔