اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ایرانی سپریم لیڈر کے انتقال پر ہونے والے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے کیس میں گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی، جس کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے تمام ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 2 دن کی توسیع کر دی۔پولیس کی جانب سے ملزمان کے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے ابتدائی طور پر 2 دن کی توسیع منظور کی۔ سماعت کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر 48 ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ کیس میں ملزمان پر احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں، جبکہ مزید تفتیش کے لیے انہیں جسمانی ریمانڈ پر رکھا گیا ہے۔