سیکرٹری داخلہ پنجاب کی امریکی قونصل جنرل سے امن و سکیورٹی پر اہم ملاقات۔۔

لاہور (خصوصی رپورٹ) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے اہم ملاقات کی، جس میں پنجاب میں امن و امان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت، اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ پنجاب حکومت پورے صوبے کو محفوظ بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر رہی ہے۔ کچے کے علاقوں میں جرائم کے خاتمے کیلئے پے لوڈ ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ بین الصوبائی سرحدوں پر 14 جدید چیک پوسٹس قائم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سول ڈیفنس بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید روبوٹس سے لیس کیا جا رہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مجرمان کا ڈیٹا آن لائن کر دیا گیا ہے تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔ جیل اصلاحات کے تحت قیدیوں کو تکنیکی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد خود کفیل ہو کر معاشرے کا مفید حصہ بن سکیں۔امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی پر جاری تعاون کا اعادہ کیا اور کہا کہ امریکا سکیورٹی کے میدان میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کام جاری رکھے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن اور ایڈیشنل سیکرٹری پولیس بھی شریک تھے۔