سرکاری سکولوں میں ڈسپلن، کلاس روم، لیب اور معیار تعلیم کی بنیاد پر’’ سکول آف منتھ‘‘ اور اساتذہ کو’’ ٹیچر آف منتھ‘‘ ایوارڈدیئے جائیں گے
دیہات میں ایجوکیشن ٹیک سکول شروع ہوں گے، پنجاب بھر میں6ہزار سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ ، میتھ میٹکس اور دیگرلیبز بنائی جائیں گی
کوالٹی آف ایجوکیشن کیلئے ٹیچر زکی معیاری ٹریننگ اشد ضروری ، سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بھی بہتر بنانا چاہتے ہیں: وزیراعلی پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدات سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں آئوٹ سورس سکولوں ، سکول میل پروگرام اور دیگر پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پہلی مرتبہ ڈسپلن، کلاس روم، لیب اور معیار تعلیم کی بنیاد پر ’’سکول آف منتھ‘‘ اور بہترین کارکردگی پر’’ ٹیچرآف دی منتھ‘‘ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آن ویل مونٹیسری سکول پراجیکٹ شروع کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ وین/ بس سروس متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پہلی باقاعدہ سکول بس سروس کے لئے جامع پلان طلب کر لیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ پنجاب میں سکولوں کی آئوٹ سورسنگ کے شاندار نتائج سامنے آرہے ہیں۔طلبہ انرولمنٹ میں 99 فیصد اور ٹیچرز کی تعداد میں 114 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 60ہزار سے زائد نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار کے مواقع کھلے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے دنیا کی سب سے بڑی کامیاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سرکاری سکول آئوٹ سورس کرنے سے محض16 ماہ میں 13 لاکھ انرولمنٹ بڑھ چکی ہے۔ مزید ساڑھے 10ہزار سکول ایک سال میں آئوٹ سورس ہونگے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 5700 سرکاری سکولوں کی آئوٹ سورسنگ کے لئے 40ہزار درخواستیں موصول ہوئی۔ آئوٹ سورس کردہ سکولوں میں 80 فیصد انفراسٹرکچر میں بہتری کا ہدف مکمل کیا گیا ہے۔ سرکاری سکولوں کو آئوٹ سورس کرنے کے بعد چند ماہ میں طلبہ کی تعداد 4لاکھ 53ہزار سے بڑھ گئی۔ آئوٹ سورس سکولوں میں ٹیچرز کی تعداد 8ہزار سے 17196ہوگئی۔ آئوٹ سورس سکولوں میں 413 نئے کلاس روم ، 5018 کلاس رومز کی مرمت،2887 کمروں کی چھتوں کی مرمت مکمل کر لی گئی۔ آئوٹ سورس سرکاری سکولوں میں254538 مربع میٹر چار دیواری بھی بن گئی۔ 50 سے زائد آئوٹ سورس سکول روایتی بجلی کی بجائے شمسی توانائی پر منتقل کر دیا گیا۔ آئوٹ سورس سکولوں میں 1643 واٹر ٹینک، 5830 واٹر کولر اور 9303 نئے بلیک بورڈنصب کیے گئے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ فیصل آباد سمیت مختلف آئوٹ سورس سکولوں میں اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو دوپہر کا کھانا ملے گا۔ آئوٹ سورس سکولوں میں طلبہ کے لئے 70977 فرنیچر سیٹ مہیا کر دی گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پیف ، ایجوکیشن ٹیک سکولوں کے پائلٹ پراجیکٹ کا میاب اجراء کر دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہات میں بھی ایجوکیشن ٹیک سکول شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انگلش بول چال کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے۔پروگرام کے تحت 6 ماہ میں3 لاکھ بچوں کوآئے لیٹ فور سٹینڈرڈ کے تحت انگلش بول چال میں مہارت حاصل ہوگی۔ پنجاب کے ہر ضلع میں ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کے لئے 10ہزار کلاس روم تیار ہوچکے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف سنٹر آف ایکسی لینس میں بچوں کی تعداد 240سے بڑھا کر 1500کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، بھکر، میانوالی اوربہاولنگر کے اضلاع میں سکول میل پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں کو دودھ کے علاوہ انرجی بار، بسکٹ اور دیگر اشیاء فراہم کرنے کی تجویز پر غورکیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میںرواں سال کے آخر تک کلاس روم کی تعمیرکا ہدف مقررکر دیا گیا۔ گرلز سکولوں میں 400 سے زائد ٹائلٹ بلاک کو مکمل کیا جائے گا۔ بچوں اور اساتذہ کو گوگل ٹریننگ کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر6ہزار سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ ، میتھ میٹکس اوردیگر لیبز بنانے کی ہدایت کی