حکومت کی ناکام پالیسیاں‘لاہور کی مارکیٹوں میں چینی کا بحران

 چینی کا تھیلا 9 ہزار روپے تک پہنچ گیا ، چھوٹی دکانوں پر  190 سے 200 روپے فی کلو فروخت 
 کرشنگ سیزن سے لے کر  فیوچر ٹریڈنگ کے نام پر چینی مافیا سرگرم رہا، مصنوعی قلت پیدا کر کے منافع کمایا

لاہور(حیدر منیر)لاہور کی مارکیٹوں میں چینی کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، ناکام پالیسیوں کے باعث نہ صرف قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، بلکہ عوام کا گزارہ مشکل ہو گیا ہے‘ ہول سیل مارکیٹوں میں چینی کا تھیلا 9 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے، چھوٹی دکانوں پر چینی 190 سے 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جو گزشتہ کرشنگ سیزن کے مقابلے میں 70 سے 80 روپے فی کلو زیادہ ہے، حکومت نے پہلے  7 لاکھ 90 ہزار چینی برآمد کی، مگر اب 5 لاکھ ٹن درآمد کرنے پر مجبور ہے۔ کرشنگ سیزن سے لے کر  فیوچر ٹریڈنگ کے نام پر چینی مافیا سرگرم رہا، جس نے مصنوعی قلت پیدا کر کے منافع کمایا۔ انتظامی ادارے بے بسی کا شکار نظر آئے اور قیمتوں پر کنٹرول نہ کر سکے، مارکیٹ کے اندرونی ذرائع کے مطابق، چینی درآمد کے باوجود فوری ریلیف کی توقع نہیں،  ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ذخائر ختم ہونے اور سپلائی چین مسائل کے باعث قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے