جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں جے یو آئی کے رہنما اور ممتاز عالم دین مولانا حافظ سلطان محمد شدید زخمی ہوئے تھے، جنہوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان کے مفتی محمود ہسپتال میں آخری سانس لی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ کونڑا چینہ میں پیش آیا جب مولانا مدرسے سے واپس گھر جا رہے تھے کہ دھماکے کی زد میں آ گئے۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔مولانا حافظ سلطان محمد جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) وزیرستان کے رہنما، وفاق المدارس وزیرستان کے ذمہ دار اور ایک معروف دینی شخصیت تھے۔شہادت پر امیر جے یو آئی پاکستان مولانا فضل الرحمان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی شہادت قبول فرمائے اور انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا کرے۔ انہوں نے واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ دار ملزمان کو سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی افسوسناک ہے اور ریاست شہریوں کے تحفظ میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے اہلِ خانہ، کارکنان اور تلامذہ سے تعزیت اور صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔