ڈائیلاگ ہی واحد حل ہے، زرداری، نواز اور شہباز شریف کے پاس جائیں گے، فواد چوہدری

ڈائیلاگ ہی واحد حل ہے، زرداری، نواز اور شہباز شریف کے پاس جائیں گے، فواد چوہدری

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لاہور بار کے انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیاسی مسائل کا واحد حل ڈائیلاگ ہے۔

 ان کے مطابق ملکی سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مذاکرات کرنے چاہئیں، اور اس سلسلے میں وہ آصف علی زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کے پاس جائیں گے تاکہ معاملات بہتر طریقے سے طے ہو سکیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور بار ایشیا کی سب سے بڑی بار ہے اور یہاں ہر سال جمہوری انتخابات ہوتے ہیں۔ وکلا ہمیشہ قانون کی سربلندی کے لیے کام کرتے ہیں، اور اسی جذبے کے تحت انتخابات میں حصہ لیتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بھی دنیا کے دیگر ممالک کی طرح شفاف انتخابات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں تحریک انصاف کا استقبال کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھی سندھ حکومت نے ویلکم کیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو کی سیاست میں ذوالفقار علی بھٹو کی جھلک دیکھنے کا تاثر دیا۔

فواد چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ملک کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کی قید خواتین کے حوالے سے کہا کہ جو خواتین سزا یافتہ ہیں اور ابھی سرنڈر نہیں کر سکیں، ان کی سزائیں سسپینڈ کی جانی چاہییں۔خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی اور دیگر مسائل کا بہتر ادراک تحریک انصاف کو ہے، کیونکہ یہ پارٹی تیسری بار منتخب ہو کر وہاں اقتدار میں آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے کے مسائل کا حل تحریک انصاف بہتر جانتی ہے اور صوبے کو کس طرح ٹھیک کرنا ہے، یہ بات کسی اور سے بہتر تحریک انصاف سمجھ سکتی ہے۔