فتنہ الخوارج کے پاس واحد راستہ ہے کہ ہتھیار ڈال دیں: کور کمانڈر پشاور

فتنہ الخوارج کے پاس واحد راستہ ہے کہ ہتھیار ڈال دیں: کور کمانڈر پشاور

ڈیرہ غازی خان میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کی زیر صدارت ڈی آئی خان اور ٹانک کے مشران اور مشائخ دین کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی عمائدین، مشائخ دین، صحافیوں اور سول انتظامیہ کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے فوج کی قربانیوں اور غیر متزلزل جذبے کو سراہا اور فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کور کمانڈر پشاور نے شرکاء سے تفصیلی بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج نہ صرف علاقے میں امن قائم کرے گی بلکہ ترقی اور خوشحالی میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔جنرل عمر احمد بخاری نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور ان کے پاس بچنے کا واحد راستہ صرف یہ ہے کہ وہ فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیں۔

عمائدین نے تعلیم اور صحت کے شعبے میں پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور خاص طور پر نوجوانوں اور بچیوں کے لئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔شرکاء نے بھارت کی طرف سے جھوٹے الزامات اور مذموم عزائم کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کی گھناؤنی سازشوں کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوئی جرات نہیں کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے، اور اگر بھارت نے یہ غلطی کی تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔