لاہور(کرائم رپورٹر) لکشمی چوک ایبٹ روڈ پر واقع گاڑیوں کی ایک ورکشاپ میں اچانک آگ لگ گئی۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ ورکشاپ کے بیسمنٹ میں لگی تھی، جس کے باعث دھوئیں کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور آگ کو مزید پھیلنے سے پہلے ہی قابو میں کر لیاریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی پر مکمل طور پر کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے، جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔