امریکا کی 30 ریاستیں اس وقت شدید سردی اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث ان علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہو چکا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی زیادہ تر ریاستوں میں درجۂ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے اور کچھ ریاستوں میں یہ درجۂ حرارت منفی 5 ڈگری سے لے کر منفی 29 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔کینیڈا کی ریاست مینی ٹوبا میں بھی درجۂ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ امریکا کے موسمیاتی ادارے نیشنل ویدر سروس نے اطلاع دی ہے کہ اوہائیو سے لے کر واشنگٹن تک مختلف ریاستوں میں 6 سے 12 انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔برفباری کے باعث سردی کی شدت میں پہلے ہی اضافہ ہو چکا ہے، اور سخت سردی اور برفباری کی وجہ سے 6 امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی کی صورتِ حال کا اعلان کیا گیا ہے۔