ایران میں پر تشدد احتجاج31صوبوں‘110شہروں تک پھیل گیا کچھ فسادی ٹرمپ کو خوش کرنا چاہتے ہیں:آیت اللہ خامنہ ای

 28 دسمبر  سے جاری مظاہروں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 45 افراد  جاںبحق ہو چکے ہیں‘ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل‘مظاہرین کو قتل کیاگیا تو سخت جواب دیں گے :ٹرمپ 
 بہادر ایرانی کئی سال کے جبر اور معاشی مشکلات کے بعد آزادی کیلئے  اٹھ کھڑے ہوئے ہیں: وزیر اعظم  بیلجیم‘صدر ٹرمپ اپنے ملک کے مسائل پر توجہ دیں:ایرانی سپریم لیڈرکا خطاب
تہران،واشنگٹن ،برسلز (آئی این پی )ایران میں معاشی بحران کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ  جاری ہے، 28 دسمبر  سے جاری مظاہروں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 45 افراد  جاںبحق ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں جاری مظاہرے 31صوبوں تک پھیل چکے ہیں جہاں دکاندار اور دیگر شہری روزانہ کی بنیاد پر مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں، تازہ احتجاج کے دوران مظاہرین نے اہم شہروں میں ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق احتجاج کے دوران ہتھیاروں سے لیس شرپسندوں کی جانب سے  پولیس پر  پتھرا  اور  براہ راست فائرنگ بھی کی گئی۔رپورٹس کے مطابق پرتشدد احتجاج کو کنٹرول کرنے اور  اسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ملک بھر میں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ادھر ایران میں احتجاج کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔۔ادھر   ایران کے سابق ولی عہد رضا پہلوی   نے  ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے مظاہروں پر اپنے پہلے ردعمل میں مظاہرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انٹرنیٹ کی بندش، مظاہرین پر تشدد اور ان کی آواز کو دبانے پر شدید تنقید کی ہے۔دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی صورت میں  ایک بار  پھر ایران کو سخت وارننگ دیدی۔امریکی صدر نے ایک انٹر ویو کے دوران متنبہ کیا کہ اگر احتجاج کے دوران مظاہرین کو قتل کیا گیا تو وہ ایران کو بھرپور اور بہت سخت جواب دیں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایران کو  واضح طور  پر بتا دیا ہے کہ اگر لوگوں کو قتل کرنا شروع کیا، جیسا کہ وہ عموما کرتے ہیں، تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔دریں اثناء ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے  کچھ فسادی عوامی املاک کو نقصان پہنچا کر ٹرمپ کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ اپنے ملک کے مسائل پر توجہ دیں۔ایران میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہریوں سے اتحاد کو برقرار رکھنے کی تاکید کی۔آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ  گزشتہ  رات تہران اور دیگر مقامات پر لوگوں کے ایک گروپ نے اپنے ہی ملک کی عمارت کو تباہ کیا، اسلامی جمہوریہ کرائے کے فوجیوں کو برداشت نہیں کرے گا۔