آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پاکستانیوں کو شدید دکھ ہے ‘ ایرانی قیادت اور عوام کیساتھ کھڑے ہیں:وزیراعظم کا مجتبیٰ خامنہ ای کے نام خط، ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد

 اضافی چھٹی جمعہ کے روز کرنے کا فیصلہ کوشش ہے معیشت کو مستحکم رکھا جائے شہبازشریف
 تمام وزارتیں اور ادارے کفایت شعاری کے تحت بند کی گئی گاڑیوں کی تصاویر کابینہ ڈویژن کو بھیجیں‘ورک فرام ہوم کو مؤثر بنانے کے حوالے سے ہر وزارت اپنی رپورٹ وزیر اعظم آفس بھیجے گی 
کفایت شعاری کے حوالے سے اٹھائے جا نے والے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے ‘ایف بی آر محصولات میں اضافے اور ٹیکس چوری کے سدباب کیلئے انفورسمنٹ کو مزید موثر بنائے:اجلاس میں ہدایات
اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے حوالے سے  حکومت کے  اعلان کردہ اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ عالمی حالات کے باوجود معیشت کو مستحکم رکھا جائے ۔کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے حوالے سے حکومت کے  اعلان کردہ اقدامات پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے زیر قیادت ایک خصوصی کمیٹی کر دی گئی ہے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔کفایت شعاری کے حوالے سے اٹھائے جا نے والے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے تاکہ ان کی بدولت ہونے والے اثرات کو  جانچا جاسکے۔ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو سادگی، کفایت شعاری اور توانائی کے بچت کے حوالے سے اقدامات کو بھرپور طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایتت کی اور کہا کہ تمام وزارتیں اور ادارے کفایت شعاری کے تحت بند کی گئی گاڑیوں کی تصاویر کابینہ ڈویژن کو بھیجیں۔ورک فرام ہوم کو مؤثر بنانے کے حوالے سے ہر وزارت اپنی رپورٹ وزیر اعظم آفس بھیجے گی ۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام وفاقی وزارتیں اور ڈویژنز کفایت شعاری اور توانائی بچت کے لئے اٹھائے جا رہے اقدامات اور ورک فورس مینجمنٹ کے حوالے سے روزانہ اور  ہفتہ وار رپورٹ کمیٹی کو جمع کروائیں گی۔ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ عالمی حالات کے باوجود معیشت کو مستحکم رکھا جائے ۔دریں اثناء وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر)کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے ٹیکس محصولات میں اضافے کے لیے زیادہ سے زیادہ  پیداواری شعبوں کو خودکار نگرانی کے دائرہ کار میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایف بی آر محصولات میں اضافے اور ٹیکس چوری کے سدباب کیلئے انفورسمنٹ کو مزید موثر بنائے۔وزیراعظم نے پرال (PRAL) کی ایگزیکٹیو ٹیم میں میرٹ کی بنیاد پر ماہرین کی بھرتیوں اور پرال کو ایک فعال ادارہ بنانے پر معاشی ٹیم کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ملک میں تیار کردہ ادویات کی سیریئلائزیشن جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ٹیکس دہندگان کیلئے آٹو ٹیکس سسٹم، ڈجیٹل انوایسنگ سسٹم، آئرس (IRIS) اور دیگر ایپلیکیشنز کو اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں بنانے کی بھی ہدایت کی۔علاوہ ازیںشہباز شریف نے ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان کے والد محترم، اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور انہیں سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی گئی ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ایران کے برادر عوام اور وسیع تر امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا  آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام کو شدید دکھ میں ہے اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعظم نے اس اہم ذمہ داری کو سنبھالنے پر رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت آنے والے سالوں میں امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی طرف ایران کی رہنمائی کرے گی۔