سرکاری ہسپتالوں میں ہر مریض کو عالمی معیار کی جدید ترین ادویات ملیں گی مریم نواز

نئی اور جدید ادویات کی فہرست مرتب کرنے اور کمیٹی بنانے کا حکم‘ہسپتالوں میں میڈیکل سٹاف کے موبائل فون استعمال پر پابندی، تنخواہیں پرفارمنس پر بڑھیں گی
 80 ارب روپے میڈیسن کیلئے دے رہے ہیں ‘ ادویات کا نہ ملنا ناقابل فہم ہے،اب عوام کے پیسے اور وقت ضائع نہیں ہوں گے،نااہل اور کام چوروں کو گھر جانا ہوگا
لاہور (سپیشل رپورٹر)پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اب ہر مریض کو اب عالمی معیار کی جدید ترین ادویات ملیں گی، اسپتالوں میں میڈیکل اسٹاف کے موبائل فون استعمال پر پابندی جبکہ تنخواہیں صرف پرفارمنس پر بڑھیں گی۔وزیراعلی مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں صحت کے شعبے میں  پیشرفت کا جائزہ لیا گیا وزیراعلی مریم نواز نے سرکاری اسپتالوں کے لئے نئی اور جدید ادویات کی فہرست مرتب کرنے اور کمیٹی بنانے کا حکم دیا۔دوران ڈیوٹی ڈاکٹرز نرسوں کے موبائل استعمال پر پابندی پر اتفاق کیا گیا۔ ہسپتالوں کے سیکورٹی گارڈ، وارڈ بوائے،نرسوں، فارمیسی سٹاف کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہر سرکاری اسپتال میں روزانہ 9 بجے تک مکمل سٹیم کلیننگ کرنے کا حکم دیدیا گیا۔سرکاری اسپتالوں کو جدید طبی آلات سے لیس کرنے کے لئے چینی ساختہ طبی آلات کی اجازت پر اتفاق کیا گیا ۔ مریم نواز نے ہسپتالوں میں موجودسیکورٹی کمپنیوں اور سیکورٹی گارڈ کے خلاف عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیا۔ اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے فول پروف طریقہ کار کا حکم دیا۔ ایم ایس پول قائم کرنے اور صرف پرفارمنس پر تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کو ہاسپٹل سروے کی ذمہ داری سوپنے پر اتفاق کیا گیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ 80 ارب روپے میڈیسن کے لئے دے رہے ہیں اور ادویات کا نہ ملنا ناقابل فہم ہے۔اب عوام کے پیسے اور وقت ضائع نہیں ہوں گے،نااہل اور کام چوروں گھر جانا ہوگا۔