فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کی بحالی کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ریجنل ٹیکس آفس لاہور کے متعلقہ افسران کو معطل رجسٹریشن کی بحالی کے لیے ان ایس او پیز پر عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ایس او پیز کے مطابق، جعل سازی یا ناقابل قبول ان پٹ ٹیکس کی وجہ سے معطل رجسٹریشن کی بحالی کے لیے ادائیگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ رجسٹرڈ شخص کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لئے یونٹ آفیسر کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ اپلیٹ ٹربیونل یا چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کے حکم کی خلاف اپیل دائر کرنے کی صورت میں بھی شناخت ثابت کرنا ضروری ہوگا۔
اس کے علاوہ، 6 ماہ سے زائد نان فائلر ہونے کی وجہ سے معطل رجسٹریشن کی بحالی کے لیے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ رجسٹرڈ افراد کو ماہانہ سیلز ٹیکس جمع نہ کرنے کی وجوہات تحریری طور پر فراہم کرنی ہوں گی اور یونٹ افسر کے سامنے اپنی شناختی دستاویزات کے ہمراہ ذاتی حیثیت میں پیش ہونا بھی ضروری ہوگا۔ یونٹ افسران کو ان مقدمات کو فوری نمٹانے کے لئے رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔