سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار

سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے نظام میں بڑی اصلاحات کرتے ہوئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی ہے۔

یہ اقدام سیلز ٹیکس فراڈ اور بوگس کمپنیوں کے قیام کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ایف بی آر حکام کے مطابق اب سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہونے والے افراد کو رجسٹریشن کے پہلے ہی مہینے میں بائیو میٹرک ویری فکیشن کرانا لازمی ہوگا۔ اس پالیسی کے تحت بائیو میٹرک تصدیق نہ کرانے کی صورت میں رجسٹریشن معطل کر دی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ان عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی جو شہریوں کے شناختی کارڈ کا ناجائز استعمال کرکے جعلی کمپنیاں قائم کرتے اور بعدازاں ان کے ذریعے اربوں روپے کے ٹیکس فراڈ کرتے تھے۔ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کی شمولیت سے ٹیکس نیٹ میں شفافیت آئے گی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا مؤثر خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ اس اقدام سے حقیقی ٹیکس دہندگان کو تحفظ ملے گا جبکہ جعلی کمپنیوں اور فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی مزید سخت ہوگی۔