ایف بی آر کا آن لائن آرڈرز پر سیلز ٹیکس لاگو کرنے کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

ایف بی آر کا آن لائن آرڈرز پر سیلز ٹیکس لاگو کرنے کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

فیدرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں اہم ترمیمات کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے تحت آن لائن آرڈرز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی کٹوتی لازم قرار دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس، کوریئر اور ادائیگی ایجنٹس اب سیلز ٹیکس کاٹنے کے پابند ہوں گے۔ اس اقدام کے تحت، کیش آن ڈیلیوری پر بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی لازم قرار دی گئی ہے۔ایف بی آر نے نئے فارم ایس ٹی آر 36 اور ایس ٹی آر 34 بھی متعارف کروائے ہیں، جن کے مطابق، ہر ماہ کی 10 تاریخ سے قبل، ایس ٹی آر 35 فارم جمع کروانا ضروری ہوگا، جس میں ادائیگی کے ذریعے کاٹی گئی رقم کی تفصیلات شامل ہوں گی اور یہ رقم ایف بی آر کو جمع کروانا لازمی ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ، کوریئرز بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی کے پابند ہوں گے، اور ہر ماہ ایس ٹی آر 36 فارم جمع کروائیں گے۔

آن لائن مارکیٹ پلیسز کو ایس ٹی آر 34 فارم کے ذریعے آرڈرز کی رپورٹ دینا ہوگی، اور انہیں ہر سپلائر کے آرڈرر کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ اگر مارکیٹ پلیس کوریئر سروس بھی فراہم کرتا ہے، تو اس کے لیے بھی ایس ٹی آر 36 فارم جمع کروانا ضروری ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق، کوریئر اور پیمنٹ ایجنٹس کو وینڈر کو سیلز ٹیکس کی کٹوتی کا سرٹیفکیٹ بھی دینا ہوگا، جس میں وینڈر کا نام، رجسٹریشن نمبر، اشیاء کی تفصیل اور کٹا ہوا ٹیکس شامل ہوگا۔