اسلام آباد میں 2 روزہ عالمی کانفرنس کل سے شروع ہو رہی ہے، جس میں کئی ممالک کے مندوبین، ماہرین تعلیم اور وزراء شرکت کریں گے۔
اس کانفرنس کا مقصد تعلیم کے شعبے میں خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر غور کرنا ہے۔ عالمی کانفرنس میں معروف پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی بھی شریک ہوں گی۔پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس عالمی کانفرنس میں 44 مسلمان اور اتحادی ممالک کے 150 مندوبین شرکت کریں گے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے اس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کانفرنس کا عنوان "مسلم کمیونیٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم: چینلجز اور مواقع" رکھا گیا ہے۔
اس کانفرنس کا مقصد دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے حاصل کی گئی کامیابیوں کا تبادلہ، معلومات کی شیئرنگ اور تعلیم کے میدان میں درپیش مسائل کی نشاندہی کرنا ہے۔ کانفرنس میں قابل عمل اقدامات پر بات کی جائے گی تاکہ خواتین کی تعلیم کو مزید فروغ دیا جا سکے اور اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت کو مستحکم بنایا جا سکے۔یہ عالمی کانفرنس خواتین کی تعلیم کے فروغ اور اس کے لیے عالمی سطح پر اہم اقدامات کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔