ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالاطے سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات بین الاقوامی فلسطین کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا اور انہیں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں طب، معدنیات، دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں جانب سے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے مستقبل قریب میں اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالاطے نے پاکستان کو سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کے لیے فوری انسانی امداد اور جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے غزہ میں جاری انسانی المیے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔