وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کی ہدایت پر بین الاقوامی معیار کے نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مری روڈ بھارہ کہو بائی پاس کے قریب کنونشن سنٹر کی مجوزہ جگہ کا دورہ کیا اور وہاں موجود غیر قانونی قبضوں اور تعمیرات کے فوری خاتمے کے احکامات جاری کیے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قابضین کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت یا معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی حکومت کا عزم ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کنونشن سنٹر کی تکمیل سے پاکستان میں ایس سی او سمٹ سمیت دیگر اہم بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد میں آسانی ہوگی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔