آئندہ ہفتے تک صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ متوقع

آئندہ ہفتے تک صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ متوقع

پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ ہفتے تک متوقع ہے۔

 ذرائع کے مطابق صائم ایوب کی سرجری نہیں ہوگی تاہم انہیں مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے ان کی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شمولیت پر سوالیہ نشان برقرار ہے۔سلیکشن کمیٹی نے صائم ایوب کے مکمل فٹ نہ ہونے کی صورت میں متبادل اوپنرز کو منتخب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاون ٹیسٹ کے دوران صائم ایوب کا دائیں پاؤں کا ٹخنہ مڑ گیا تھا، جس کے باعث وہ ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور ڈاکٹر نے انہیں چھ ہفتے کا آرام تجویز کیا تھا۔لندن کے ڈاکٹرز کی رپورٹس کے مطابق صائم ایوب کو آپریشن کی ضرورت نہیں ہے اور وہ ری ہیب پلان پر عمل کر کے فٹ ہو سکتے ہیں، تاہم ان کی سلیکشن ڈاکٹرز کے مشورے سے مشروط ہے۔

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے مجوزہ اسکواڈ میں بابراعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، کامران غلام، طیب طاہر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث روف، ابرار احمد، سفیان مقیم، عرفان خان، فخر زمان، محمد حسنین، حسیب اللہ اور امام الحق کی شمولیت متوقع ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے فہرست تیار کر لی ہے اور صائم ایوب کی مکمل رپورٹس اور ڈاکٹر کی مشاورت کے بعد اسکواڈ کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں شامل 7 ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ پاکستان ٹیم کا اعلان باقی ہے۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق 11 فروری تک اسکواڈ کو فائنل کیا جا سکتا ہے۔