پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے پہلے پشاور زلمی کے اوپنر صائم ایوب کی لیگ میں شرکت کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
گزشتہ روز پشاور زلمی نے بگ بیش لیگ میں شاندار پرفارمنس دکھانے والے مچل اوون کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا، جس کے بعد مداحوں کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوا ہے کہ کیا صائم ایوب اوپننگ کے لیے بابراعظم کے ساتھ دستیاب ہوں گے یا نہیں۔پشاور زلمی نے گزشتہ پی ایس ایل ایڈیشن میں بابراعظم اور صائم ایوب کی کامیاب شراکت داری کا فائدہ اٹھایا تھا، جہاں دونوں کھلاڑیوں نے متعدد میچز میں شاندار پرفارمنس دکھائی تھی۔ صائم ایوب نے نہ صرف اوپننگ کی تھی بلکہ کئی مواقعوں پر بالنگ بھی کی تھی۔یاد رہے کہ صائم ایوب جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد وہ سہ ملکی سیریز اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے تھے۔
ان کی پی ایس ایل میں شرکت تاحال غیر یقینی ہے، لیکن وہ اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں اور ٹرینر حنیف ملک کی نگرانی میں اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔دوسری طرف، مچل اوون نے بی بی ایل کے 2024-25 ایڈیشن میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور 45.20 کی اوسط اور 203.60 کے اسٹرائیک ریٹ سے 452 رنز بنائے تھے، جس نے ان کی سلیکشن کو مزید اہم بنا دیا ہے۔