امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیردفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر بین الاقوامی فوجداری عدالت پر پابندی عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
غزہ میں اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت 243 ارکان نے عالمی فوجداری عدالت پر پابندی کی حمایت کی، جبکہ 140 ارکان نے مخالفت کی۔اس قانون کے تحت امریکی شہریوں اور اسرائیل سمیت اتحادی ممالک کے شہریوں کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت کی تحقیقات یا گرفتاری پر پابندی عائد کی جائے گی۔ 45 ڈیموکریٹس اور 198 ری پبلکنز نے اس بل کی حمایت کی۔ ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے ریپبلکن چیئرمین برائن ماسٹ نے کہا کہ امریکا اپنے عظیم اتحادی اسرائیل کو تحفظ فراہم کر رہا ہے کیونکہ بین الاقوامی عدالت اسرائیلی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ ووٹنگ نئی کانگریس کے اجلاس کے بعد ایوان نمائندگان کی پہلی ووٹنگ تھی۔